پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ 10 سے 12 خارجی دہشت گردوں نے سحری کے وقت لکھانی چیک پوسٹ پر تین اطراف سے حملہ کیا، جس میں راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
آکلینڈ میں تیسرے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ 204 رنز بنا کر آل آؤٹ، پاکستان کی باؤلنگ میں شاندار کارکردگی
ترجمان کے مطابق، پولیس اہلکاروں کی مستعدی کے باعث تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی فوری نشاندہی کر لی گئی۔ پولیس کے جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے۔ دو گھنٹے جاری رہنے والے اس مقابلے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور وہ فرار ہو گئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ غازی خان، کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی کمانڈ سنبھالی، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان، سید علی کی زیر قیادت کیو آر ایف ٹیمیں بروقت لکھانی چوکی پہنچ گئیں۔ اس وقت سرحدی علاقوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی جی پنجاب، ڈاکٹر عثمان انور نے حملے کو ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔