وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم بے قابو، 78 دنوں میں 22 شہری جان سے گئے
فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا، جو ملک کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔
دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔ سعودی ولی عہد نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات پر زور دیا۔
بعد ازاں، وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور جوائنٹ ٹاسک فورس برائے اقتصادی مصروفیات کے سربراہ محمد التویجری سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔
پاکستان نے توانائی، انفرا اسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر زور دیتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ دونوں فریقین نے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔