کراچی: کراچی انتظامیہ کی جانب سے ماہِ رمضان کے دوران گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر رابعہ سید، بیورو آف سپلائی افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
سی ٹی ڈی انٹیلیجنس وِنگ کی بڑی کاروائی، TTP الخوارج کا اہم رکن گرفتار، اسلحہ برآمد
اجلاس میں بتایا گیا کہ 16 رمضان المبارک کے دوران مجموعی طور پر 158 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن پر 13 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کمشنر کراچی کاؤنٹرز اور سپر اسٹورز پر شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے قائم کیمپس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر ضلع میں سپر اسٹورز اور دکانوں پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار پر سخت نگرانی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر نے بتایا کہ ان کے ضلع میں ایک سپر اسٹور پر غیر معیاری اشیا کی فروخت پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا اور آئندہ معیار بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کمشنر کراچی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے مارکیٹوں اور بازاروں میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور اشیا کی فروخت سرکاری نرخ پر یقینی بنائیں۔ انہوں نے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
رپورٹ کے مطابق 16 روز کے دوران مجموعی طور پر 2 ہزار 856 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 3 کروڑ 41 لاکھ 47 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 141 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ 16 روز میں 17,013 دکانوں پر قیمتوں کا معائنہ کیا گیا۔
اضلاع کی سطح پر 16 ویں رمضان کو کیے گئے جرمانوں کی تفصیل درج ذیل ہے:
ضلع جنوبی: 4 لاکھ 55 ہزار روپے
ضلع شرقی: 1 لاکھ 59 ہزار روپے
ضلع غربی: 34 ہزار روپے
ضلع وسطی: 1 لاکھ 29 ہزار روپے
ضلع ملیر: 1 لاکھ 57 ہزار روپے
ضلع کورنگی: 79 ہزار روپے
ضلع کیماڑی: 27 ہزار روپے
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں رمضان کے باقی دنوں میں بھی جاری رہیں گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔