نظام مصطفی کے نفاذ سے ہی ملک مسائل سے نکل سکتا ہے، سربراہ پاکستان سنی تحریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر): پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ انصاف کی بالادستی قائم کیے بغیر امن دشمن قوتوں کو شکست نہیں دی جاسکتی، کرپشن اور اقرباء پروری نے غریب عوام کے حقوق کا بدترین استحصال کیا ہے۔ عوام اب چہرے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں۔

اسلام آباد: ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والا ملزم گرفتار

مرکز اہلسنت سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہی وہ واحد راستہ ہے جو ملک کو مسائل کے بھنور سے نکال کر عوام کو بنیادی حقوق و سہولیات فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک تاریخ کی بدترین مہنگائی اور غربت کا شکار ہے، رمضان پیکیج کے نام پر عوام کو محض لالی پاپ دیا جا رہا ہے، جبکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ سیاستدانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور اقرباء پروری نے جمہوریت کے تشخص کو بری طرح مجروح کیا ہے، سود اور کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت اور عدلیہ کو قرآن و سنت کی روشنی میں فیصلے اور اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت، بے روزگاری نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ سیاست اور جمہوریت کو جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے یرغمال بنا رکھا ہے، عوامی خدمت کو شعار بنانے کے لیے سیاست کو کاروبار بنانے والوں کا راستہ روکنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے پڑھے لکھے عام آدمی کو میدانِ عمل میں آنا ہوگا۔ قرآن و سنت آئین کا سپریم لاء ہے، حکومت اور عدلیہ اگر قرآن و سنت کے مطابق فیصلے کریں تو ملک کو درپیش تمام مسائل ختم ہو سکتے ہیں۔

شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ لادینی قوتوں کا مقابلہ صرف عشقِ نبیؐ اور قرآن و سنت سے سرشار ہو کر کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، یہاں سیکولرازم کے پنجے مضبوط نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرین نے قربانیاں اس لیے نہیں دیں کہ ملک میں انگریز کا نظام نافذ کیا جائے، پاکستان کی سلامتی کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے، قانون کی بالادستی ہر حال میں یقینی بنا کر کرپشن کا دروازہ بند کرنا ہوگا۔

53 / 100

One thought on “نظام مصطفی کے نفاذ سے ہی ملک مسائل سے نکل سکتا ہے، سربراہ پاکستان سنی تحریک

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!