پاکستان رینجرز (سندھ) ہیڈ کوارٹرز میں ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد شمریز کی زیر صدارت اہم سیکیورٹی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں کراچی شہر کے مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت:
اجلاس میں آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی (کراچی، اسپیشل برانچ، آپریشن برانچ)، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جیز (اسپیشل برانچ، ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ، سی آئی اے، ٹریفک) سمیت پولیس، رینجرز اور دیگر حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
رمضان، یومِ علی اور عید کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان:
اجلاس کے دوران یومِ علی، رمضان کے آخری عشرے، چاند رات اور عید الفطر کے مواقع پر خصوصی سیکیورٹی پلان اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
عادی مجرموں کے خلاف رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز تیز کرنے کا فیصلہ۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت۔
شرپسند، شدت پسند اور منافرت پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ۔
جبری فطرہ اور زکوٰۃ وصولی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی حکمت عملی۔
قانون کی پاسداری اور عوام سے تعاون کی اپیل:
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے گی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، شرپسند عناصر یا ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع دیں۔
رابطہ کے ذرائع:
رینجرز ہیلپ لائن: 1101
رینجرز واٹس ایپ نمبر: 0347-9001111
ترجمان کا بیان:
ترجمان رینجرز کے مطابق عوام کے تعاون سے ہی کراچی میں پائیدار امن ممکن ہے، اور رینجرز، پولیس اور دیگر ادارے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ شہر کے باسیوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔