پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں پہلی بار، شائقین کرکٹ کے لیے ایک خوشخبری ہے کہ اس بار ٹرافی کا خصوصی ٹور حیدرآباد اور کراچی سے شروع کیا جا رہا ہے۔ پی ایس ایل کی "لومینارا ٹرافی” 29 مارچ تک پورے پاکستان کے 11 شہروں کا دورہ کرے گی، جس کا مقصد نہ صرف کرکٹ کا جوش و خروش بڑھانا ہے بلکہ پاکستان کی ثقافت کو بھی دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔
احمد علی بٹ کا سنیما گھروں کی بحالی پر زور: ‘ہم مزید سنیما بند ہونے کے متحمل نہیں ہو سکتے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلامیے کے مطابق، پی ایس ایل کا یہ رنگا رنگ ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان، اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس مرتبہ شائقین کو نہ صرف زبردست کرکٹ دیکھنے کو ملے گی بلکہ اپنے اپنے شہروں میں ٹرافی کو دیکھنے اور تصویریں بنانے کا بھی موقع ملے گا۔
ٹرافی ٹور کے پہلے مرحلے کا آغاز 14 مارچ کو حیدرآباد سے ہوگا، جس کے بعد 14 اور 15 مارچ کو کراچی میں مختلف مقامات پر ٹرافی عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔ پھر 16 اور 17 مارچ کو لاہور، 18 مارچ کو ملتان، 19 مارچ کو بہاولپور، 20 مارچ کو فیصل آباد، 22 مارچ کو پشاور اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں شائقین اس یادگار موقع کا حصہ بن سکیں گے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کے مطابق، ٹرافی ٹور کا مقصد صرف کھیل نہیں بلکہ پاکستان کے خوبصورت اور تاریخی مقامات کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ ٹرافی کو کراچی کی روشن گلیوں سے لاہور کے تاریخی قلعے اور ملتان کے درباروں تک لے جایا جائے گا تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے آئے۔
بورڈ کے مطابق ٹرافی ٹور کے دوسرے مرحلے کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔ اس ٹور کو ملک گیر سطح پر ایک شاندار ایونٹ بنانے کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ عوام اس موقع کو بھرپور انداز میں منا سکیں۔
ٹرافی ٹور کے پہلے مرحلے کا مکمل شیڈول:
14 مارچ: حیدرآباد
14-15 مارچ: کراچی
16-17 مارچ: لاہور
18 مارچ: ملتان
19 مارچ: بہاولپور
20 مارچ: فیصل آباد
22 مارچ: پشاور
23 مارچ: اسلام آباد