کراچی کے سینٹرل پولیس آفس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مصطفی عامر قتل کیس اور اس سے متعلق اب تک کی تفتیش و پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کی سربراہی چیئرمین رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کی، جبکہ اراکینِ کمیٹی ایم این اے آغا رفیع اللہ، خواجہ اظہار الحسن، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی جی اے این ایف، ڈائریکٹر ایف آئی اے، سیکریٹری ایکسائز سندھ، ڈی آئی جیز، سی آئی اے، ساؤتھ اور ایس ایس پی اے وی سی سی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ہدایت پر مصطفی عامر قتل کیس کی اب تک ہونے والی تفتیش، ایف آئی اے اور محکمہ انسدادِ منشیات کی کارروائیوں پر بریفنگ لینا تھا۔ اجلاس کے دوران آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر، محکمہ انسدادِ منشیات کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ بریگیڈیئر عمران علی، ایف آئی اے ڈائریکٹر نعمان صدیقی اور سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سلیم راجپوت نے اپنی اپنی محکموں کی تحقیقات اور اب تک کی پیش رفت سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں مصطفی عامر قتل کیس کے مختلف پہلوؤں، اس کے پس پردہ عوامل اور ممکنہ محرکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں مزید تفصیلات، شواہد اور سوالات و جوابات کی طلبی کا عندیہ دیا اور اداروں کو ہدایت دی کہ باہمی روابط اور ہم آہنگی کو مزید مستحکم کیا جائے۔
کمیٹی نے اداروں کو آئندہ اجلاس میں ٹھوس شواہد، جامع حکمت عملی اور لائحہ عمل پر مشتمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ کیس کے تمام پہلوؤں کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔