کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر شرجیل گوپلانی کی سربراہی میں مختلف تاجر یونینز کے وفود نے ملاقات کی، جہاں انہوں نے آفاق احمد کی رہائی پر مبارکباد پیش کی اور شال پہنائی۔ ملاقات میں ڈمپر اور ہیوی ٹریفک کی وجہ سے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا گیا اور اس مسئلے کے خلاف آفاق احمد کے اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلایا گیا۔
سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے 30 کروڑ روپے جمع نہ کروانے پر آڈٹ اعتراض
روزہ افطار کے بعد شہر میں ہونے والی ناانصافیوں پر تبادلہ خیال ہوا، جس پر آفاق احمد نے تاجر برادری کی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈمپر اور واٹر ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی اور حادثات کے شکار افراد کے لواحقین کو انصاف دلانے کے لیے تاجر برادری کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی قانونی پیروی میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے وکلاء نے اہم کردار ادا کیا اور ان تمام سازشوں کو ناکام بنایا جو ان کی جدوجہد کو لسانی رنگ دینے کی کوشش کر رہی تھیں۔ آفاق احمد نے وکلاء، سوشل میڈیا پرسنز اور تاجر برادری کے تعاون کو کراچی کے مظلوم عوام کے لیے امید کی کرن قرار دیا۔
انہوں نے حکومت اور حکومتی اداروں پر زور دیا کہ رمضان المبارک میں پانی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ آفاق احمد نے اپنے اس مطالبے کو دہرایا کہ رینجرز کو کراچی کی طرح سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی پولیسنگ کے اختیارات دیے جائیں تاکہ وہاں کے عوام کو ڈاکوؤں اور وڈیروں کے مظالم سے محفوظ رکھا جا سکے۔