کمشنر کراچی اور ڈی سی ایسٹ کی ہدایت پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال نے مسکن چورنگی سے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ میونسپل کمشنر جاوید رحمان کلہوڑ نے اس موقع پر کہا کہ تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
جاوید رحمان کلہوڑ نے مزید کہا کہ کراچی میں تجاوزات کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ ٹریفک کے مسائل بڑھا رہے ہیں اور اس کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی، اور عوام کی روزمرہ زندگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر تجاوزات کے باعث شہریوں کو پیدل چلنے میں بھی دشواری کا سامنا ہو رہا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ تجاوزات نکاسی آب، صفائی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مشکلات پیدا کر رہی ہیں اور ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک جام اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
کمشنر گلشن اقبال نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف شہر کو منظم اور خوبصورت بنایا جا سکے گا بلکہ شہریوں کو بہتر اور صحت مند ماحول بھی فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اس شہر کی بیوٹیفیکشن ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے ایک منظم حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
جاوید رحمان کلہوڑ نے یقین دلایا کہ گلشن اقبال میں تجاوزات کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ ان مسائل کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے اور ٹریفک سمیت دیگر اہم مسائل کو حل کیا جا سکے۔