ملک میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے اور رمضان المبارک سے قبل بھی اس پر قابو نہ پایا جا سکا۔ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چینی کی اوسط قیمت 154 روپے 27 پیسے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
امریکا نے مزید 116 بھارتی شہریوں کو ڈی پورٹ کر دیا
رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ میں چینی کی قیمت میں 15 روپے 63 پیسے فی کلو اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ ڈھائی ماہ میں یہ اضافہ 22 روپے 42 پیسے ریکارڈ کیا گیا۔ یکم جنوری 2025 کو چینی کی اوسط قیمت 138 روپے 64 پیسے فی کلو تھی، جبکہ ڈھائی ماہ قبل یہ قیمت 131 روپے 85 پیسے فی کلو تھی۔
اگر ایک سال قبل کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو 15 فروری 2024 کو چینی کی اوسط قیمت 144 روپے 48 پیسے فی کلو تھی، یعنی ایک سال میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، سابقہ حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، جبکہ اکتوبر 2024 میں مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی منظوری دی گئی۔
دوسری جانب، ڈان نیوز کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی 2024 سے جنوری 2025 کے دوران افغانستان کو چینی کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں افغانستان کے لیے چینی کی برآمد 26 کروڑ 27 لاکھ ڈالر تک جا پہنچی، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ برآمد صرف 59 لاکھ ڈالر تھی۔