اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی کا کوئی خط نہیں ملا۔ انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ اگر کوئی خط انہیں ملتا ہے تو وہ وزیراعظم کو بھجوا دیں گے۔
بزنس فسیلیٹیشن کمیٹی کا اجلاس، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں ترقی ہو رہی ہے اور ملک آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے ترقی کے سفر کو جاری رکھنا ہے اور ملک کے مستقبل کے حوالے سے مثبت توقعات کا اظہار کیا۔
یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آرمی چیف کو تیسرا خط لکھے جانے کی خبریں آئیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو تیسرا خط لکھا ہے جس میں الیکشن فراڈ اور اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کے معاملات پر بات کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو خطوط لکھے تھے، جن میں ملک کی پالیسیاں تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے کہا تھا کہ آرمی چیف کو بانی پی ٹی آئی کا کوئی خط نہیں موصول ہوا اور اس قسم کے کسی خط کو پڑھنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔