ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے افغانستان کی جانب سے پاکستان پر داعش کی معاونت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں داعش کے کسی بھی کیمپ کی موجودگی کی تردید کی جاتی ہے۔ ترجمان نے افغان انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد کیمپوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔
ایف آئی اے کی انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے 20 سال بعد نئی ایڈوائزری جاری
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ وزیر داخلہ کا دورہ واشنگٹن وزارت خارجہ کے توسط سے نہیں تھا، جبکہ امریکی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستانی سفیر نے حسب روایت نمائندگی کی۔
ترجمان نے پاکستان اور بھارت کے قیدیوں کی رہائی پر کسی بھی کوشش میں تعاون کی یقین دہانی کرائی اور سندھ طاس معاہدے کو آبی تنازعات کے حل کے لیے ایک اہم فورم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاہدے پر کاربند ہے اور امید ہے کہ بھارت بھی اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔
غزہ میں سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہوئے ترجمان نے اسرائیلی فوج کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان غزہ کو دوبارہ قابل رہائش بنانے کا خواہاں ہے۔ شام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان وہاں امن کی واپسی اور مثبت تبدیلیوں کا خواہاں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مراکش میں کشتی حادثے میں 25 پاکستانی محفوظ رہے، جن کی فہرست شئیر کی گئی ہے، اور مراکشی حکام نے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔
پاکستان کی انسداد منشیات کی کوششوں کے اعتراف کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا جاتا ہے۔ مزید برآں، انہوں نے پاکستان کی برکس میں شمولیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔