یکم جنوری کو بینکوں کی تعطیل کا اعلان

کراچی (تشکُّر نیوز رپورٹنگ، 30 دسمبر 2023ء ) یکم جنوری کو بینکوں کی تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پیر یکم جنوری 2024ء کو مرکزی بینک عوام سے لین دین کے لیے بند رہے گا، بینک دولت پاکستان پیر یکم جنوری 2024ء کو بینک تعطیل کے موقع پر عوام سے لین دین کے لیے بند رہے گا، جس کے باعث تمام بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں، مائکروفنانس بینکوں میں بھی مذکورہ تاریخ پر عوام سے لین دین نہیں ہوگا، تاہم بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں، مائکروفنانس بینکوں کے تمام ملازمین حسبِ معمول دفاتر میں حاضر ہوں گے۔بتایا جارہا ہے کہ ہر نئے سال کے آغاز کے موقع پر یکم جنوری کو سال کے پہلے دن ملک بھر کے بینک بند رہتے ہیں، اس روز تمام بینک اپنے صارفین کے ششماہی کھاتوں کی رپورٹ مرتب کرتے ہیں، اس لیے تمام بینکس میں عوامی لین دین بند رہتا ہے تاہم آپریشنل کام جاری رہتے ہیں۔

 

 

دوسری طرف پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کی خبریں بھی سامنے آئیں تاہم محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ابھی تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں موسم سرما کی شدت میں اضافے کے پیش نظر تعطیلات کا دورانیہ بڑھانے پر غور شروع کردیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ موجودہ شیڈول کے تحت چھٹیاں یکم جنوری تک ہیں، صوبائی محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے چھٹیوں میں ایک ہفتے تک اضافے پر غور کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات سے آئندہ 15 سے 20 دن کی رپورٹ مانگ لی گئی ہے کیوں کہ سردی کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے والدین نے بھی تعطیلات میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے، اس حوالے سے اگلے ایک سے دو روز میں فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!