سندھ پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں مبینہ کرپشن اور فرائض میں غفلت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے 7 پولیس افسران اور اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ معطل کیے گئے اہلکاروں کو بی کمپنی بھیج دیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
کینیڈا اور امریکا کے تعلقات میں تناؤ: ٹرمپ کے بیانات اور ٹروڈو کے فیصلے پر بحث
معطل ہونے والے افسران میں انسپکٹر اشرف علی سومرو اور انسپکٹر سعید محمد شاہ شامل ہیں۔ سب انسپکٹر محمد صدیق میمن کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔
مزید برآں، سینئر کلرک محمد آصف علی، اے ایس آئی محمد پناہ، اے ایس آئی شاہد علی، اور ہیڈ کانسٹیبل شہزاد گل بھی معطل کیے جانے والوں میں شامل ہیں۔
آئی جی سندھ نے متعلقہ افسران کو حکم دیا ہے کہ محکمہ جاتی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے اور کرپشن کے تمام ذرائع کو ختم کیا جائے۔ یہ اقدام عوامی شکایات اور ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں بدعنوانی کی اطلاعات کے بعد لیا گیا ہے۔
محکمہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ غفلت اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی تاکہ عوامی خدمات کو شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔