تشکر نیوز: خلیج عرب میں تعیناتی کے دوران پاک بحریہ کے جہاز رسدگار، عظمت اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز دشت نے ایران کی بندرگاہ بندر عباس کا دورہ کیا۔ اس فلوٹیلا کی قیادت پاک بحریہ کے 14ویں ڈسٹرائر سکواڈرن کے کمانڈر کموڈور محمد عمیر کر رہے تھے۔
پشین میں نایاب نسل کے سلیمان مارخور کا غیر قانونی شکار، تین شکاری گرفتار
پرتپاک استقبال:
بندرگاہ پر پہنچنے پر پاکستانی سفارتخانے کے نمائندوں اور ایرانی بحریہ کے اعلیٰ حکام نے مہمان جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دوران مشن کمانڈر نے ایرانی بحریہ کی قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون، بحری افواج کے مابین رابطے اور مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
نیول مشقیں:
دورے کے اختتام پر، پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے ایرانی بحریہ کے ساتھ ایک مشترکہ مشق کی۔ اس مشق کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ کرنا تھا۔
سفارتی تعلقات میں بہتری:
اس دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان دفاعی و سفارتی تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔ مشن کمانڈر نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے ایران کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم قدم ثابت ہوا۔