تشکر نیوز: خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے جری سپوتوں نے مزید قربانیوں کی داستان رقم کر دی۔ سیکیورٹی فورسز نے 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کر دیا، تاہم ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے میجر محمد اویس نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
سعودی ایئرلائن 35 ہزار پاکستانی سرکاری حجاج کو سفری سہولیات فراہم کرے گی
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں خوارج کے خلاف آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان میں کیے گئے ایک بڑے آپریشن میں 5 خوارج کو ہلاک جبکہ 8 زخمی کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر محمد اویس نے جواں مردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ 31 سالہ شہید کا تعلق نارووال، پنجاب سے تھا۔
تیسری بڑی کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی جہاں 6 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا جبکہ مزید 8 زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کا خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے شہید میجر محمد اویس کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور شہید میجر اویس کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یکجان ہے۔
وزیر داخلہ کا خراج عقیدت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میجر محمد اویس کی عظیم قربانی کو قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا اور ان کے خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے 13 خوارج کو انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
سیکیورٹی فورسز کے عزم، قربانیوں اور قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔