تشکر نیوز، بلوچستان — بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار اور قیام پاکستان میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قائد ریزیڈنسی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز احمد بگٹی تھے، جبکہ کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر، سول و ملٹری حکام، صوبائی وزراء، ممبران اسمبلی، قبائلی عمائدین، شہداء کے اہلخانہ، شہریوں، اور اسکولز کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی: 151 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار
تقریب کا آغاز سلامی اور پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا، جس میں بابائے قوم کے افکار اور پاکستان کے قیام میں ان کی جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی۔ بچوں نے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے جبکہ بلوچ اور پشتون گلوکاروں نے روایتی گیت گا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔
ایف سی بلوچستان کی خدمات کا اعتراف
آئی جی ایف سی (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ 2013 میں قائد ریزیڈنسی پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد ایف سی نے یہاں سیکیورٹی سنبھالی اور اب علاقے میں امن قائم ہے۔ انہوں نے ایف سی بلوچستان کی صحت، تعلیم اور قدرتی آفات میں خدمات کو بھی اجاگر کیا۔
وزیر اعلٰی بلوچستان کا خطاب
وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا، "مجھے اس تقریب میں شرکت پر فخر ہے۔ بلوچوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم بلوچستان سے دہشتگردی اور کرپشن کی لعنت کو ختم کریں گے اور دہشتگرد کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔”
شرکاء نے تقریب کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات امن و محبت کا پیغام دیتی ہیں اور معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔