تشکر نیوز کراچی: پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج (پی این ای سی) کے 36ویں کانووکیشن کی شاندار تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے طلباء کو ان کی نمایاں کارکردگی پر میڈلز تفویض کیے اور ان کے تعلیمی سفر کے اختتام پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ہیڈ لائن: پولیس مقابلے میں زخمی ملزمان کی گرفتاری، گھریلو ڈکیتیوں کا بڑا انکشاف
تقریب میں 33 پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز دیے گئے، جبکہ 372 طلباء کو انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں عطا کی گئیں۔ مہمانِ خصوصی نے پی این ای سی کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنسز، اور کمپیوٹر سائنس جیسے جدید ڈسپلنز کے آغاز کو سراہا اور BE نیول آرکیٹیکچر کے پہلے بیچ کی گریجویشن کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ مضبوط کردار کا مظاہرہ کریں، اپنے ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیں، اور اپنی کامیابیوں میں اللہ تعالیٰ سے رہنمائی حاصل کریں۔
کموڈور مدثر خورشید، کمانڈنٹ پی این ای سی، نے پی این ای سی کے تعلیمی معیار اور طلباء کی قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ ریکٹر NUST، لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر محمد زاہد لطیف مرزا (ریٹائرڈ) نے بھی اپنے خطاب میں یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری کو سراہتے ہوئے اسے تعلیمی کامیابیوں کا عکاس قرار دیا۔
تقریب میں سول و ملٹری معززین، طلباء اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔