کراچی (اسٹاف رپورٹر) – حکومت پاکستان کی اسمگلنگ کے خلاف سخت پالیسی اور کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔
کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی، معین الدین وانی کی قیادت میں، ایک اہم کارروائی میں 39,000 لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز، باسط حسین اور اسسٹنٹ کلکٹر شہزاد علی نے کراچی کسٹمز کی ٹیم تشکیل دی، جس نے بحر عرب میں 3 لانچوں کو پکڑ لیا۔
یہ لانچیں ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں اور ان کی ضبط شدہ مالیت 3 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے۔ ضبط شدہ ڈیزل کو ASO کے گودام میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ تینوں لانچوں کو NMB وھارف منتقل کیا گیا ہے۔
کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی جاری ہے۔ کسٹمز انفورسمنٹ کی یہ کارروائیاں ملک میں اسمگلنگ کو روکنے اور قومی خزانے کی حفاظت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔