تشکر نیوز : پاک بحریہ کے 29ویں اینٹی سب میرین وارفیئر اسکواڈرن کے اے ٹی آر ایئرکرافٹ نے دالامان، ترکی میں منعقد ہونے والی مشق ماوی بالینہ 2024 میں شرکت کی۔
ماوی بالینہ، ترکی کی زیر قیادت ایک کثیرالملکی اینٹی سب میرین وارفیئر مشق ہے، جس میں 30 سے زائد بحری اثاثوں، بشمول بحری جہاز، آبدوزیں، ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹرز اور UAVs، نے حصہ لیا۔ اس سال مشق مشرقی بحیرہ روم میں منعقد کی گئی اور اس کا مقصد سب میرین آپریشنز اور اینٹی سب میرین وارفیئر تکنیکوں میں مہارت حاصل کرنا تھا۔
مشق میں نیٹو، امریکہ، پاکستان، یونان، آذربائیجان، ترکیہ کی بحری افواج اور اسپیشل آپریشن فورسز کے دستے شامل تھے۔ پاک بحریہ کی شرکت نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا۔
مشق کے ہاربر فیز کے دوران پاکستان اور دیگر شریک ممالک کی بحری افواج کے مابین مختلف سرگرمیوں، بشمول باہمی دوروں، ٹیبل ٹاپ ڈسکشنز اور پلاننگ سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ بعدازاں سمندر میں طویل مدتی اینٹی سب میرین آپریشنز کی مشقیں کی گئیں، جن میں جدید ترین تکنیکوں کا مظاہرہ کیا گیا۔
پاک بحریہ کی اس مشق میں مسلسل شرکت پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ عالمی بحری افواج کے ساتھ تعاون اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے عزم کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ ایسی سرگرمیاں مشترکہ مفادات کے تحفظ اور خطے میں خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔