نیو کراچی ٹاؤن میں ورلڈ بینک کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، شیخ سعدی اسکول کی تعمیر نو سمیت دیگر اہم منصوبے شامل

تشکر نیوز: نیو کراچی ٹاؤن میں ورلڈ بینک کے ماتحت ادارے کلک کے تعاون سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا۔ ان منصوبوں میں نیو کراچی ٹاؤن کے انفراسٹرکچر اور پارکس کی بحالی کے ساتھ سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو شامل ہیں۔

کراچی یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ ڈایا پانی کی مین لائن کی ہنگامی مرمت، فراہمی جلد بحال کرنے کی کوشش

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن میں تین ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یوسی 10 کے چیئرمین فیصل قاری، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مشتاق احمد، سپرنٹینڈنگ انجینئر بی اینڈ آر اشفاق حسین، انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، انجینئر بی اینڈ آر ساجد صدیقی اور دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر 11-G میں واقع شیخ سعدی اسکول 2014 سے بند تھا اور نشے کے عادی افراد نے اسکول کی خستہ حال عمارت کو اپنا مسکن بنا لیا تھا۔ اسکول کی عمارت مکمل طور پر گرا کر نئے سرے سے تعمیر کی جائے گی، جسے گراؤنڈ پلس ون کے طرز پر 2000 اسکوائر فٹ کے رقبے پر بنایا جا رہا ہے۔ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد یہاں جلد تدریسی عمل بحال ہوگا۔

اس موقع پر چیئرمین نے کلک کے تعاون سے تعمیر ہونے والے پردہ پارک کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارک جدید طرز پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور اپنی خوبصورتی میں منفرد ہوگا۔ پارک میں بچوں کے لیے جھولے اور خواتین کے لیے آرام دہ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، نارتھ کراچی کے سیکٹر 5-ایم اور 5-ایل کے درمیان 4200 فٹ طویل سڑک، جو عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، اس کی تعمیر کا کام بھی کلک کے تعاون سے شروع کر دیا گیا ہے۔

 

 

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ کلک کی جانب سے نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پائیداری کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے مسائل کے خاتمے اور عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے مشن میں کامیابی جلد حاصل ہوگی۔

63 / 100

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!