تشکر نیوز: پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم حبیب علی عرف حسیب موٹا کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پر منشیات فروشی اور بھتہ وصولی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ اس کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔
26ویں آئینی ترمیم کے خلاف شاہد خاقان عباسی کی درخواست، جوڈیشل کمیشن کو کام سے روکنے کی استدعا
تفصیلات کے مطابق، ملزم کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ (BLF) کے ساتھ رابطے میں تھا اور ان کے لیے فنڈنگ اور سہولت کاری کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔ ملزم 2012 میں لیاری گینگ وار کے کمانڈر بہادر پی ایم ٹی کے گروپ میں شامل ہوا اور اس کے بعد سے لیاری گینگ وار کی تمام سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ اس سے قبل بھی ملزم متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور اس کے خلاف لیاری کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔
حسیب موٹا پیشہ ور عادی مجرم ہے اور جیل سے رہائی کے بعد مجرمانہ سرگرمیوں میں مسلسل ملوث رہا۔ ملزم کی منشیات فروشی کی سرگرمیاں لیاری میں بڑے پیمانے پر جاری تھیں۔ حسیب موٹا بلوچ لبریشن فرنٹ (BLF) کے کارندوں کے ساتھ قریبی روابط رکھتا تھا، جن میں زمان بلوچ (جو ہلاک ہو چکا ہے)، شعیب بلوچ (جو بلاک ہے)، سمیع بلوچ، اوصاف بلوچ اور جمعہ بلوچ شامل ہیں۔ ان افراد نے 2023 میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے نائیک دلشاد کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔
ملزم حسیب موٹا بیرون ملک بھی اپنے گروپ کے کمانڈر بہادر پی ایم ٹی کے ساتھ رابطے میں تھا اور اس کی ہدایات پر کام کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم کو اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں فوری طور پر اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز مددگار بذریعہ واٹس ایپ نمبر 0347900111 یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں، تاکہ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جا سکے۔