دمشق: شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے، جس کے نتیجے میں 300 کے قریب پاکستانی زائرین دمشق میں پھنس گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق، دمشق ایئرپورٹ کھلتے ہی پاکستانی شہریوں کی واپسی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ایف آئی اے انٹرپول کی بڑی کارروائی: خطرناک اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار
پاکستانی زائر سید الیاس نقوی نے بتایا کہ ہوٹل تک محدود رہنے کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء ختم ہو چکی ہیں، لیکن پاکستانی سفارتخانہ مکمل تعاون کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور سفارت خانہ ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔
روسی خبر رساں اداروں کے مطابق، شام کے سابق صدر بشار الاسد 24 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد اہلخانہ سمیت روس منتقل ہو گئے ہیں، جہاں انہیں سیاسی پناہ دی گئی ہے۔ شامی باغیوں نے دارالحکومت دمشق پر مکمل قبضے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دمشق ’آزاد ہو چکا ہے‘۔
عینی شاہدین کے مطابق، ہزاروں افراد نے دمشق کے مرکزی چوک پر جمع ہو کر آزادی کے نعرے لگائے۔ باغیوں نے دارالحکومت کے سرکاری ٹی وی پر بھی قبضہ کر لیا اور آزادی کی خبر نشر کی۔