اسلام آباد: پاکستان کی 40 ٹن انسانی امداد پر مشتمل پہلی کھیپ سیلاب سے متاثرہ برادر اسلامی ملک ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئی۔ امدادی سامان ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے روانہ کیا گیا۔
مالاکنڈ یونیورسٹی کی طالبات نے پاک فوج کے ساتھ یادگار دن گزارا
سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق یہ امداد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر بھیجی۔ امدادی کھیپ میں خیمے، کمبل، لحاف، سلیپنگ بیگ، چٹائیاں اور لائف جیکٹس شامل ہیں۔
کوالالمپور ایئرپورٹ پر یہ امدادی سامان پاکستانی سفارت خانے اور ملائیشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے نمائندوں نے وصول کیا۔ حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امدادی سامان کی دوسری کھیپ آئندہ ہفتے روانہ کی جائے گی۔ ملائیشیا میں رواں سال مون سون بارشوں کے باعث شدید سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، جس نے 9 مشرقی ریاستوں کے 38 اضلاع کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ سیلاب کے نتیجے میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جن میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ کئی علاقوں میں پل اور سڑکیں بہہ گئیں۔