وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے زیر تعمیر کورنگی کازوے منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے پر جاری کام اور اس سے متعلق چیلنجز پر تفصیلی
بریفنگ دی گئی۔
پیپلز پارٹی کے 57ویں یومِ تاسیس کے جلسے کی تیاریاں: سعید غنی کا ریلوے گراؤنڈ کا دورہ
اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈائریکٹر میگا پروجیکٹس کراچی سید عباس علی شاہ اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر جنید احمد صدیقی نے منصوبے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق 1.4 کلومیٹر طویل کورنگی کازوے منصوبے کا 40 فیصد سے زائد کام مکمل کرلیا گیا ہے، اور اسے جون 2025 تک مکمل کیا جانا ہے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کورنگی کازوے کو ملیر ایکسپریس وے سے منسلک کرنے کی تجویز اور دیگر درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ کورنگی اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کے لیے سفر کا وقت کم ہوگا اور ٹریفک جام کے مسائل بھی حل ہوں گے۔
سعید غنی کے مطابق، اگر کازوے کو ملیر ایکسپریس وے کے ساتھ ضم کیا جاتا ہے، تو اس منصوبے کی لمبائی 1.4 کلومیٹر سے بڑھ کر 4 کلومیٹر ہوجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی وزیراعلیٰ سندھ کو منصوبے کی پیش رفت، چیلنجز، اور ملیر ایکسپریس وے کے ساتھ انضمام کی تجاویز پر بریفنگ دی جائے گی۔