پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت جتنے بھی راستے بند کرے گی، ہم انہیں کھول کر رہیں گے۔ پشاور ٹول پلازہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ عمران خان کی رہائی کی تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور عوام کا سمندر دیکھ کر یہ تحریک مزید قوت پکڑے گی۔
پاکستان کو زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں 206 رنز کا ہدف، زمبابوے 205 رنز پر ڈھیر
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جتنا وقت بھی لگے، ہمیں ڈی چوک پہنچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا غصہ دیکھ کر چاہے جتنا بھی تشدد کیا جائے، تحریک جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری تک ہم ڈی چوک پر بیٹھیں گے۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان نے کہا کہ کتنی ہی سڑکیں بند کی جائیں یا کنٹینرز لگائے جائیں، ہم اسلام آباد پہنچ کر اپنے مطالبات منوائیں گے اور راستوں کو کھولنے کے لیے سرکاری مشینری کی بجائے نجی مشینری استعمال کریں گے۔
ادھر وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کسی کو بھی احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کارروائی کرے گا۔
تحریک انصاف کے احتجاج کی تیاریوں کے پیش نظر موٹر ویز، ہائی ویز اور اسلام آباد جانے والے راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد کے داخلی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے اور مری روڈ کو کھود دیا گیا ہے۔ لاہور اور پشاور سے اسلام آباد جانے والی موٹر ویز بھی بند کر دی گئی ہیں، اور پولیس و ایف سی کو کے پی اور پنجاب کے سنگم پر تعینات کر دیا گیا ہے۔