تشکر نیوز: آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی صدارت میں چینی شہریوں کی سیکورٹی کے اقدامات کا اہم جائزہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، مختلف ڈی آئی جیز، اسپیشل برانچ، کراچی ایڈمن، اسٹبلشمنٹ، ہیڈکوارٹر، آئی ٹی، ایس پی یو، اور سی آئی اے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈویژنل ڈی آئی جیز اور متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی کورنگی میں کامیاب کارروائی
اجلاس کے شرکاء کو چینی شہریوں کی سیکورٹی سے متعلق گذشتہ اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی آئی جی ایس پی یو نے اجلاس کو سیکورٹی اقدامات کی جانچ اور اس کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے امور پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی شہریوں کی حفاظت پر مامور نجی سیکورٹی گارڈز کا سیکورٹی آڈٹ آئی بی اور اسپیشل برانچ کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ پروجیکٹ منتظمین کو ایکس سروس مین کی خدمات حاصل کرنے کا پابند بھی بنایا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے مزید ٹھوس تجاویز پیش کیں، جن میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تربیتی مشقوں کا انعقاد بھی شامل ہے۔
چینی شہریوں کی سہولت کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہاٹ لائن نمبر کی فراہمی کی بھی اطلاع دی گئی۔ اجلاس میں یہ تجویز پیش کی گئی کہ نجی سیکورٹی کمپنیوں کا سیکورٹی آڈٹ کیا جائے اور پروجیکٹ مالکان کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہدایت دی کہ ایس ایس پیز چینی شہریوں کی سیکورٹی کے اقدامات اور تعیناتیوں کا خود جائزہ لیں اور سیکورٹی پلان کی کلیئرنس یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروجیکٹ مالکان کو نجی سیکورٹی عملے کی کلیئرنس کے لیے سندھ پولیس کی آن لائن ویریفیکیشن سروس استعمال کرنے کی ہدایت دی جائے۔
تمام ایس ایس پیز کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ چینی شہریوں کی سیکورٹی کا اچانک دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیں، اور سیکورٹی پر مامور نفری کو ہر سطح پر بریفنگ دی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر آئی جی سندھ نے تمام ایس ایس پیز سے تحریری سیکیورٹی ہدایات جاری کرنے اور اقدامات پر مبنی رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا۔