کراچی: (تشکُّر نیوز) سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے برازیل کے شہر کوریتیبہ میں 17ویں سمال واٹر اینڈ ویسٹ واٹر سسٹمز اور 9ویں ریسورس اورینٹڈ سینیٹیشن ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ یہ عالمی کانفرنس 10 تا 14 نومبر 2024 تک جاری رہی۔
ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست کی سماعت، ایس بی سی اے حکام پر برہمی کا اظہار
کانفرنس کے دوران، انجینئر سید صلاح الدین احمد نے "پانی اور قیادت شمولیت اور موثر انتظام کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری” کے موضوع پر خطاب کیا اور کراچی کو پائیدار پانی کے حل فراہم کرنے میں واٹر کارپوریشن کی کامیاب حکمت عملیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں کے ساتھ بہترین طریقوں اور تجربات کا تبادلہ کیا، جس سے واٹر کارپوریشن کی بین الاقوامی سطح پر شناخت مزید مستحکم ہوئی۔
سی ای او نے اپنے خطاب میں کراچی میں پانی کی فراہمی اور نکاسی کے شعبے میں واٹر کارپوریشن کے جدید اقدامات اور چیلنجز کا تذکرہ کیا اور عالمی سطح پر پانی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے موثر گورننس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
واضح رہے کہ انجینئر سید صلاح الدین احمد نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد نہ صرف واٹر کارپوریشن ایکٹ 2023 کے تحت تاریخی اصلاحات کیں بلکہ ادارے کی ماہانہ آمدنی میں بھی ریکارڈ اضافہ کیا، جس سے بین الاقوامی شراکتوں کو مزید تقویت ملی۔ ان کی قیادت میں کراچی میں پانی کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری لائی جا رہی ہیں۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، سی ای او کی قیادت میں واٹر کارپوریشن پانی اور نکاسی آب کے معیارات کو عالمی سطح تک بلند کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور عالمی تعاون کے ذریعے جدید حکمت عملیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سی ای او کا عالمی سطح پر پانی کے مسائل کے حل میں قائدانہ کردار واٹر کارپوریشن کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے ہموار کرے گا، کیونکہ ان کے عالمی مکالمے میں شامل ہونے سے پانی کے انتظام اور سلامتی سے متعلق عالمی سطح پر مزید تعاون کی راہیں کھلیں گی۔