کراچی: (تشکُّر نیوز) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی زیر صدارت ضلع وسطی ڈپٹی کمشنر آفس میں صفائی ستھرائی اور آگاہی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، اسسٹنٹ کمشنرز، گینسو کمپنی کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ، کل سے مرحلہ وار آپریشن شروع ہوگا
اجلاس میں ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی ہدایت پر عارضی کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لئے پی سی ٹی ایس اسٹیشن لگانے کا فیصلہ کیا گیا، جب تک نئی مشینری خریدنے کا عمل مکمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کچرا کنڈیوں کی زمین پکی کرنے کی ہدایت دی تاکہ کچرا اٹھانے کے دوران زمین میں گڑھے نہ بنیں اور کچرا باآسانی اٹھایا جا سکے۔
ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے مزید کہا کہ ہر زون میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی سفارشات پر ایک ماڈل یوسی بنائی جائے گی، جس کے لئے تربیت یافتہ سینیٹری ورکرز بھرتی کیے جائیں گے۔ ان ورکرز کے لئے شیلٹر ہوم، ٹرانسپورٹ، کھانا اور سرکاری نرخ کے مطابق تنخواہ مختص کی جائے گی، تاکہ وہ ہر وقت موجود رہیں۔ اس کے علاوہ، ماڈل یوسی کے لئے تمام ضروری مشینری بھی مختص کی جائے گی۔ اس پلان کے تحت گھر گھر سے سو فیصد کچرا اٹھایا جائے گا، جس کے بعد منصوبے کو دیگر یوسیز میں بھی نافذ کیا جائے گا۔
ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے ہدایت کی کہ گینسو کمپنی ہر زون میں ہر ہفتے کسی تعلیمی ادارے میں صفائی ستھرائی اور کچرے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرے۔ اس سلسلے میں، گھروں پر پیلے اسٹیکر لگانے اور پمفلیٹ تقسیم کرنے کا کام پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے، جسے سوشل موبالائزر اور کمپنی کے اہلکاروں کی مدد سے جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے گینسو کمپنی کو سینیٹری ورکرز اور مشینری کی کمی جلد پوری کرنے کی بھی ہدایت دی۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے صفائی کے کام میں پہلے سے بہتری آنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ کچرا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے، جس کے تحت ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں۔ انہوں نے ڈمپر ڈرائیورز کی سیفٹی اور آگاہی کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے دی گئی تربیت اور لیاری ایکسپریس وے کے ڈمپنگ پوائنٹ کی صفائی کے اقدامات کو بھی سراہا۔