سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدار کو مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
مشہور بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کا مرکزی ملزم شیوکمار گوتم گرفتار
قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے سینئر وزیر کو عرب امارات کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے برادر اسلامی ملک کے قومی دن کو جوش و جذبے سے منانے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے معاشی و سماجی ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ بخیت عتیق الرومیتی نے سندھ حکومت کی جانب سے انسداد منشیات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی، جبکہ انہوں نے سندھ کے مختلف شہروں میں عرب امارات کی حکومت کی جانب سے مفت طبی کیمپس لگانے کے منصوبے کا بھی ذکر کیا۔
شرجیل انعام میمن نے اس موقع پر کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سندھ کے درمیان برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور عرب امارات نے ہمیشہ سندھ کے عوام کے لیے قیمتی خدمات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرب امارات کی سرمایہ کاری سندھ کے بنیادی ڈھانچے، صحت اور تعلیم کے میدان میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ اماراتی حکومت کے ساتھ شراکت داری کو مزید بڑھانے، امن و خوشحالی کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔