تشکر نیوز: نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف کی ہدایت پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے یونین کمیٹی 09 میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین یونین کمیٹی نمبر 09 حنظلہ انور قریشی، یوسی پینل کے اراکین، اور ٹاؤن کے افسران بھی موجود تھے۔
کراچی میں بجلی 40 پیسے فی یونٹ مہنگی، نوٹیفکیشن جاری
وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسی 09 کی سڑک گزشتہ 20 سال سے تعمیر نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سابقہ بلدیاتی ادوار میں یہاں روڈ کٹنگ بھی کی گئی، اور ادارے اپنے کام مکمل کرکے سڑک کو چھوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے عوامی اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندوں پر عوام نے اعتماد کیا ہے اور الحمد اللہ آج اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جا رہا ہے، جو پیور بلاک سے تیار کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیور بلاک کی خاصیت یہ ہے کہ اگر کوئی ادارہ یہاں کھدائی کرتا ہے تو انہیں آسانی کے ساتھ ہٹایا جا سکتا ہے اور کام مکمل ہونے کے بعد دوبارہ لگایا جا سکتا ہے۔
شعیب بن ظہیر نے اعلان کیا کہ آئندہ پانچ سے چھ ماہ کے اندر انشاء اللہ نیو کراچی ٹاؤن کی یوسیز میں ایک لاکھ اسکوائر فٹ پیور بلاک لگائے جائیں گے۔ انہوں نے شہر کے سیوریج سسٹم کی خستہ حالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، مگر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اس معاملے میں غیر فعال ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہیں۔
وائس چیئرمین یونین کمیٹی نائن حنظلہ انور قریشی نے بتایا کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی خصوصی توجہ سے یوسی نائن کی چار گلیوں میں سیوریج کی لائنیں ڈالی جا رہی ہیں، جہاں عرصہ دراز سے مسائل تھے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جلد یونین کمیٹی 09 کے سیکٹر الیون ایف کی تمام گلیوں کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔
بعد ازاں، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندوں سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں نئی لائنوں کے کام کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کیا جا سکے۔ وفد نے بتایا کہ کھدائی کے دوران سیوریج کے ناکارہ سسٹم کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے کام میں تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اس کام کو مکمل کر لیا جائے گا۔