الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم
امیدواروں کی ابتدائی فہرست اور سکروٹنی کل سے شروع ہوگی اور یہ عمل 30 دسمبر تک جاری رہے گا
اسلام آباد ( تشکُّر نیور اخبار24 دسمبر 2023ء ) عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہوچکا ہے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے امیدواروں کی ابتدائی فہرست اور سکروٹنی کل سے شروع ہوگی اور یہ عمل 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 22 دسمبر کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کی تھی اس حوالے سے مسلم لیگ ن نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھا جس میں ان سے کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں دو روز توسیع کی درخواست کی گئی تھی، اسی طرح ایم کیو ایم پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام ف نے بھی الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی میں توسیع کی درخواست کر رکھی تھی۔