انتخابات سے متعلق مریم نواز کا بڑا فیصلہ
(ویب ڈیسک تشکُّر نیوز)
سرگودھا: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سرگودھا سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف کے پی پی 80 سرگودھا سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں، سابق ایم این اے مختار احمد بھرتھ۔ ایم پی اے صہیب بھرتھ نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
اس حوالے سے نون لیگ کے میڈیا سیل نے بتایا کہ مریم نواز شریف سرگودھا کی تحصیل شاہپور کے حلقہ پی پی 80 سے الیکشن لڑیں گی جبکہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف بھی ساہیوال سے ایم این اے کی سیٹ پر الیکشن لڑ چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف کا سرگودھا سے الیکشن لڑنا سرگودھا کی عوام سے محبت کا ثبوت ہے، سرگودھا کی عوام مریم نواز شریف کو بھاری اکثریت سے جتوا کر میاں نوازشریف کو بطور تحفہ پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں
مریم نواز کے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں لاہور کے حلقہ این اے 119، این اے 120، پی پی 159، پی پی 160 اور پی پی165 سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔