عام انتخابات:کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری روز

عام انتخابات:کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری روز

(WEB DESK تشکر نیوز)

ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری روز ہے۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار آج بھی کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروا رہے ہیں۔شہر اقتدار کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آغاز کردیا گیا ہے، امیدوار شام ساڑھے چار بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے۔چار روز سے جاری اس عمل کے دوران ملک نامور سیاستدانوں سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور آزاد امیدوارں کی بڑی تعداد کاغذات نامزدگی حاصل کر چکی ہے اور ان میں سے کئی نے جمع بھی کرا دیے ہیں۔مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں جبکہ سابق ڈپٹی مئیرز ذیشان نقوی، چوہدری رفعت اور سابق مئیر شیخ انصر اور پیر عادل گیلانی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے، تاہم پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ عمران اشرف اور سبط حیدر بخاری کے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں اس کے علاوہ مصطفیٰ نواز کھوکھر اور راجہ خرم نواز بطور آزاد امیدوار میدان میں اتریں گے، تاہم جماعت اسلامی کے میاں اسلم، کاشف چوہدری اور عبدالعزیز نے بھی کاغذات جمع کروا دیے جبکہ ایم کیو ایم، اے این پی، جے یو آئی ایف کے امیدواروں کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے شعیب شاہین کی جانب سے تینوں نشتوں اور پی ٹی آئی کے عامر مغل، عامر شیخ، اشرف ایڈوکیٹ اور ظفر علی شاہ نے بھی کاغذات جمع کروا دیے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے آج کاغذات نامزدگی جمع کروائے جائیں گے اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ، پاکستان امام پارٹی سمیت دیگر چھوٹی جماعتوں کے امیدوار بھی میدان میں اتریں گے

خواجہ سرا نایاب علی کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں، تاہم ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس اسلام آباد میں 150 کے قریب امیدواروں کے کاغذات جمع کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت میں 2 دن کا اضافہ کر دیا تھا، کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ انتخابی شیڈول بھی جاری کیاتھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں 24 دسمبر تک ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروائیں، انتخابی شیڈول میں شامل دیگر سرگرمیاں اپنی مقرر کردہ تاریخوں پر ہوں گی

بعدازاں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!