بلے کا نشان واپس لینے کا مشن‘ پی ٹی آئی پشاور ہائیکورٹ پہنچ گئی

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

تحریک انصاف کو تاحال الیکشن کمیشن کی جانب سے تصدیق شدہ فیصلہ موصول نہیں ہوا

پشاور ( 23 دسمبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے اور بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر نے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز فیصلہ سنائے جانے کے بعد آج پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے ممبران پشاور ہائیکورٹ پہنچ چکے ہیں، تاہم تحریک انصاف کو تاحال الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تصدیق شدہ فیصلہ موصول نہیں ہوا، تصدیق شدہ فیصلہ ملتے ہی عدالت میں درخواست دائر کردی جائے گی اور اگر تصدیق شدہ کاپی نہ ملی تو بھی کیس دائر کیا جائے گا، تاہم تصدیق شدہ کاپی نہ ہونے کی وجہ سےعدالت اعتراض اٹھا سکتی ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم نے سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق کیا لیکن یہ فیصلہ ذاتیات پر مبنی ہے، یہ ایک سیاسی فیصلہ ہے اور الیکشن کمیشن نے بلے کا نشان ہم سے لینے کا پہلے سے تہیہ کیا ہوا تھا، یہ ایک سازش ہے، ہم اس کیس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے اور ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے لیکن ہم انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان جماعتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا ہے اور اس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف سے ان کا بلے کا انتخابی نشان بھی واپس لے لیا، اس سلسلے میں درخواست گزار اکبر ایس بابر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پاکستان تحریک انصاف کے تمام عہدے بھی کالعدم ہوگئے یعنی فیصلے کے نتیجے میں بیرسٹر گوہر خان بھی پارٹی کے چیئرمین نہیں رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!