کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے ہارون آباد کے علاقے میں ایک کباڑ کے گودام پر چھاپہ مار کر چوری شدہ سامان اور موٹرسائیکلوں کے اسپئیر پارٹس کی خرید و فروخت میں ملوث چار اسکریپ ڈیلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق، گودام سے بڑی تعداد میں موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے اسپئیر پارٹس برآمد کیے گئے ہیں۔
کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ کی بڑی کارروائی، کروڑوں روپے کا اسمگل شدہ ایرانی خشک دودھ ضبط
گودام میں اسپئیر پارٹس کو پریس مشین کے ذریعے بنڈل بنا کر چھپایا جا رہا تھا۔ چھاپے کے دوران پولیس نے 7 پریس شدہ بنڈل اور دیگر اسپئیر پارٹس کو تحویل میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد افضل، غیاث، محمد شکیل، اور محمد صادق کے ناموں سے ہوئی ہے۔
یہ کارروائی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل کے انچارج سب انسپکٹر راجہ خالد اور ان کے اسٹاف نے کامیابی سے مکمل کی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔