اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں میں 0.51 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی

ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.51 فیصد کی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر42.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (ایف بی ایس) کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ (ایس پی آئی) کے مطابق 21 دسمبر کو ختم ہونیوالے ہفتے میں روزمرہ استعمال کی 9 اشیاء میں کمی اور 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں 13.17 فیصد، پیٹرول 4.97 فیصد، ڈیزل 4.68 فیصد، ٹماٹر 3.45 فیصد، چینی 1.16 فیصد، آٹا 0.33 فیصد، چکن 0.13 فیصد، باسمتی چاول 0.11 فیصد اور 5 لیٹر کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.07 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈوں کی قیمت میں 10.42 فیصد، جلانے کی لکڑی 1.23 فیصد، پیاز 1.19 فیصد، دال مونگ 0.88 فیصد، دال چنا 0.79 فیصد، لہسن 0.40 فیصد، اری چاول 0.40 فیصد، دال مسور 0.30 فیصد، ایل پی جی 0.26 فیصد، کیلا 0.19 فیصد، شرٹنگ 0.15 فیصد اور جارجٹ کی قیمت میں 0.13 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.39 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں بالترتیب 0.40 فیصد، 0.39 فیصد، 0.44 فیصد اور 0.59 فیصد کی کمی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا گیا ہے کہ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!