تشکرنیوز: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے اپنی رہائشگاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے بچوں کو لسانی بنیادوں پر تعلیم سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے حال ہی میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں لسانی بنیادوں پر کی جانے والی ناانصافیوں کے ردعمل میں کہی۔
کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر کارپوریشن مرزا اخلاق بیگ: پانی چور مافیا کے خلاف جنگ جاری رکھوں گا
آفاق احمد نے کہا کہ انہوں نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا پہلے ہی اظہار کیا تھا، مگر ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ منظم سازش کے تحت ایک روز قبل ہی پیپر آؤٹ کر دیا گیا تاکہ میرٹ کا قتل کیا جا سکے اور کراچی کے باصلاحیت بچوں کو تعلیم کے میدان سے باہر کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل کی 1,100 سیٹوں میں سے صرف 400 سیٹیں کراچی کے بچوں کے لئے مختص کی گئی ہیں، اور ان پر بھی پورے ملک سے آنے والے طلبہ کو جعلی ڈومیسائل کے ذریعے مسلط کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ آفاق احمد نے بتایا کہ پچھلے سال بھی ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ انہی شکایات کی وجہ سے دوبارہ کرائے گئے تھے، مگر اس بار بھی کوئی اصلاح نہیں کی گئی اور بچوں سے فی بچہ 8,000 روپے کی فیس وصول کی گئی۔
آفاق احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ صاف اور شفاف انداز میں کرائے جائیں اور کراچی کے بچوں کو مکمل سہولیات کے ساتھ ٹیسٹ میں شرکت کی آزادی حاصل ہونی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ کے وزیروں کے لئے سی ایم ہاؤس کا بجٹ 42 ارب رکھا گیا ہے، جبکہ کراچی کی ترقی کے لئے صرف 26 ارب مختص کیے گئے ہیں، جو کہ ساڑھے تین کروڑ کی آبادی والے شہر کے لئے ناکافی ہے۔
آفاق احمد نے کہا کہ آج کی متحدہ قومی موومنٹ ایک ایجنسیوں کا ٹولہ ہے، اور اگر وہ قوم اور شہر سے مخلص ہیں تو انہیں استعفے دے کر عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔