کراچی: واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئرمین مرتضیٰ وہاب نے اہم کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔ آپریشن کے دوران سیاسی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر اپنی ہی جماعت کے دفتر کے قریب غیرقانونی ہائیڈرنٹ سیل کیا گیا۔
قائد آباد میں ایف آئی اے کا حوالہ ہنڈی نیٹ ورک پر چھاپہ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی
ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سید صلاح الدین نے آپریشن کی نگرانی کی، جبکہ اینٹی تھیفٹ سیل کے عملے نے بلا روک ٹوک کارروائی کی۔ یہ آپریشن کلفٹن کینٹ کے علاقے میں کیا گیا جہاں ہائیڈرنٹ کئی سالوں سے پانی چوری میں ملوث تھا۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق عمیر نامی شخص سب سوائل کے نام پر میٹھا پانی فروخت کر رہا تھا۔ غیرقانونی ہائیڈرنٹ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم کے دفتر کے پیچھے واقع تھا۔ آپریشن کے دوران نجمی عالم نے پہلے مزاحمت کی، مگر بعد میں مشروط اجازت دے دی۔
واٹر بورڈ حکام نے بتایا کہ یومیہ 700 سے 1500 گاڑیاں پانی کی سپلائی کر رہی تھیں، اور تقریباً دو لاکھ گیلن پانی چوری کیا جا رہا تھا۔ میٹھے پانی کی 33 انچ لائن ایک گہرے کنویں سے پنکچر کی گئی تھی، جس کے ذریعے سالانہ 160 ملین روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔
غیرقانونی ہائیڈرنٹ کے مالکوں میں عمیر اور جانی سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ ایم ڈی سید صلاح الدین نے واضح کیا کہ کسی کو بھی پانی چوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔