قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی و رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں بہترین معیشت چل رہی تھی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے محمود اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا اختیار دیا ہوا ہے، اس کے علاوہ ہم نے کسی سے منت نہیں کی، منتیں تو خواجہ آصف نے کیں سابق سیکٹر کمانڈر سیالکوٹ سے، وہ روتے بھی تھے اور نواز شریف کی پلیٹلیٹس جو گرتی تھیں تو وہ جھوٹی رپورٹس بناتے تھے اور غلط رپورٹس کابینہ کو پیش ہوتی تھیں۔
لاہور: کینال روڈ پر ہونے والا قتل انڈر ورلڈ گینگ وار سے منسلک قرار
انہوں نے کہا کہ ان غلط رپورٹس کے ذریعے نواز شریف ملک سے باہر گئے اور این آر او لینے کے لیے رانا ثنا نے بھی کہا تھا کہ انہوں نے قمر باجوہ کے ساتھ مل کے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک چلائی، اور ایک چلتی ہوئی معیشت کو تباہ و برباد کردیا۔
عمر ایوب نے بتایا کہ ہم لوگ معافی صرف اللہ سے مانگتے ہیں، 9 مئی کے سلسلے کو سامنے لائیں، فوٹیجز لائیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، عمران خان نے کہا کہ جو سی سی ٹی وی میں لوگ ہیں ان پر مقدمہ چلائیں، امریکا میں بھی کیپیٹل ہل کی فوٹیجز سامنے آئیں لیکن یہاں سامنے نہیں لا رہے، 18 اگست کو جو جوڈیشل کمپلیکس میں لاٹھی چارج ہوئی عمران خان کی گاڑی کے اوپر تو اس وقت بھی ہمیں کہا گیا کہ یہ ٹریپ ہے، وہاں جو شیلنگ تھی وہ تو انٹیلیجنس کے لوگوں نے کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ غلط کام کی معافی مانگی جاتی ہے لیکن ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا، جس شخص نے معیشت کو تباہ کیا جس میں قمر باجوہ اور دیگر جماعتوں شامل ہیں ہم ان سے کیسے باتیں کریں؟ 18 ارب ڈالرز کے ریسروز تھے ہمارے دور میں، لوڈ شیدنگ نہیں ہوتی تھی پر ان سب نے چلتی ہوئی معیشت کو تباہ کردیا، اس وقت باہر سے لوگ یہاں آرہے تھے لیکن اب پاکستان سے لوگ باہر جارہے ہیں۔