تشکر نیوز: کراچی کے کارساز سروس روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں مرکزی ملزمہ نتاشا دانش کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اس بار ملزمہ پر منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تشکر نیوز کے مطابق، انویسٹی گیشن حکام نے نتاشا دانش پر منشیات کے استعمال کا مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ بہادر آباد کے سینئر انویسٹیگیشن افسر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں پہلے سے درج دفعات کا بھی ذکر ہے۔ یہ مقدمہ دفعہ 111 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
اس سے قبل نتاشا کی میڈیکل رپورٹ سامنے آئی تھی، جس میں خون اور یورین کے نمونے لیے گئے تھے۔ ابتدائی رپورٹ میں نشے میں ہونے کا انکشاف ہوا تھا، اور آج یورین رپورٹ میں واضح طور پر میتھافیٹامائن آئس نشے کے استعمال کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اس تصدیق کے بعد ملزمہ پر منشیات کے استعمال کا دوسرا مقدمہ درج کیا گیا۔
یاد رہے کہ 19 اگست کو کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی کے بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھنے کے حادثے میں ایک باپ اور اس کی بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے، جب کہ 4 شہری زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثے کے بعد پولیس نے نتاشا دانش کو گرفتار کرلیا تھا۔ حادثے کے وقت عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ گاڑی چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی۔
20 اگست کو نتاشا پر قتل بل خطا اور قتل بالسبب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزمہ سے ڈرائیونگ لائسنس طلب کیا گیا، لیکن پیش نہ کرنے پر دفعات میں تبدیلی کی گئی تھی۔