نیو کراچی پولیس نے خفیہ اطلاع پر شمس تبریز گراؤنڈ سیکٹر 11-D میں بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے خلاف کارروائی کی۔ پولیس کے پہنچتے ہی ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حفاظت خود اختیاری میں جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم، احتشام اختر ملک، زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ دوسرا ملزم، علی نواز، بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم، ملزمان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
کراچی: لیاری گینگ وار کے دو مطلوب ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک پسٹل اور شمس تبریز گراؤنڈ میں کھڑی سات مسروقہ گاڑیاں برآمد کیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ گاڑیاں کراچی کے مختلف تھانوں کی حدود سے چوری کی گئی تھیں، جن میں ہونڈا سٹی، سوزوکی ہیروف، سوزوکی مہران، اور دیگر شامل ہیں۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ تمام ملزمان کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔