تشکر نیوز: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے مون سون بارشوں کے دوران نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مشتاق احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نارتھ کراچی محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نیو کراچی خالد شیخ اور دیگر بلدیاتی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے مختلف رہائشی اور نشیبی علاقوں میں جمع شدہ بارش کے پانی کی نکاسی کو اپنی نگرانی میں مکمل کروایا اور متعلقہ افسران و عملے کو ہدایت دی کہ صفائی ستھرائی اور پانی کی نکاسی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے بعد نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے پیشگی احتیاطی اقدامات کیے گئے، جس کی بدولت بارش کے دوران پانی کی نکاسی میں کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں۔
چیئرمین نے بتایا کہ بارش کے دوران بھی بلدیاتی اہلکار اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور برساتی نالوں کی مستقل صفائی کی وجہ سے نکاسی آب کا عمل باآسانی مکمل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بارش سے متاثر ہونے سے بچانے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ مکمل طور پر فعال ہے اور شہریوں کو امن و سکون سے بھرپور ماحول فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے نبھا رہی ہے۔