پاک بحریہ کا 78واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

تشکر نیوز:  پاک بحریہ نے پاکستان کا 78واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور قومی ولولے کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر کراچی میں قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس اور سیلرز نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں یوم آزادی کی پرچم کشائی کی تقریب

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کموڈور محمد خالد نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور گارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بابائے قوم کو قومی سلام پیش کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف، پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

یوم آزادی کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، اور پاک بحریہ کی مساجد میں ملکی یکجہتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پاک بحریہ کے جہازوں اور تنصیبات کو روایتی انداز میں سجایا گیا، جبکہ اسلام آباد، لاہور، کراچی، گوادر، اور اورماڑہ میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔

اس دن کی مناسبت سے پاک بحریہ کی مختلف یونٹس میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں قومی ترانہ پڑھا گیا، سائیکل ریسز اور بوٹ ریلیز منعقد کی گئیں۔ سی ٹی ایف 150 کے کمانڈ میں پی این مشن نے بھی بحرین میں کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) ہیڈ کوارٹر میں یوم آزادی منایا۔

پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جس میں بچوں نے ملی نغموں پر ٹیبلوز پیش کیے اور یوم آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے تقاریب منعقد کیں۔

صدر پاکستان نے اس موقع پر پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز/سیلرز، اور سویلینز کے لیے عسکری اور سول اعزازات دینے کی منظوری دی، جن میں 03 ہلال امتیاز (ملٹری)، 14 ستارہ امتیاز (ملٹری)، اور 14 تمغہ امتیاز (ملٹری) شامل ہیں۔ مزید برآں، ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز، اور سیلرز کے لیے تمغہ خدمت (ملٹری) کے 97 ایوارڈز کی منظوری دی گئی۔

 

 

پاک بحریہ نے یوم آزادی وطن عزیز کو کسی بھی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے عزم کے ساتھ منایا، اور اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے افسران اور سیلرز کو ستائشی خطوط کی بھی منظوری دی گئی۔

67 / 100

One thought on “پاک بحریہ کا 78واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!