منگل کا دن اسٹاک مارکیٹ بری طرح کریش کر گئی

کراچی (تشکُّر نیوز ویب ڈیسک تازہ ترین۔ 19 دسمبر 2023ء)

اسٹاک مارکیٹ بری طرح کریش کر گئی، منگل کا دن بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کیلئے بدترین ثابت ہوا، صرف 2 کاوروباری ایام میں 100 انڈیکس 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی کا شکار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق رواں کاروباری ہفتے کے ابتدائی 2 ایام پاکستان اسٹاک ایکسچینج کیلئے بھونچال ثابت ہوئے ہیں۔ منگل کے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا بدترین منفی رحجان رہا جس کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
کاروباری روز کے اختتام تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج بری طرح کریش کر جانے کے باعث 100 انڈیکس 63 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔ کاروباری روز کا اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 2 ہزار 272 پوائنٹس کمی کے ساتھ 62 ہزار 833 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج بدترین مندی کی زد میں رہی تھی۔
گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بعد 100 انڈیکس 935 پوائنٹس کمی کے ساتھ 65 ہزار 205 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ کی طرح کرنسی مارکیٹ میں بھی پیر کے روز پاکستانی روپیہ کیلئے کچھ بہت زیادہ اچھا ثابت نہیں ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، انٹر بینک میں ڈالر 50 پیسے اضافے کیساتھ 285 روپے کی سطح پر آ گیا۔
تاہم انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 20 پیسے کی کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 283 روپے 01 پیسے پر بند ہوا ہے۔ جہاں ایک جانب منگل کے روز اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار رہی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہو گیا، وہیں دوسری جانب ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا بھی مہنگا ہو گیا۔ منگل کے روز ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 17 ہزار 600 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 343 روپے اضافے سے 1 لاکھ 86 ہزار 557 روپے کا ہوگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!