...

قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی سزاؤں سے بریت دلائیں گے

تشکور نیوز رپورٹنگ،

نواز شریف کو سزائیں سناکر قوم اور ملک کو سزا دی گئی، صرف مقدمات ہی نہیں بلکہ مقدمات بنانے والے بھی جھوٹے نکلے۔ صدر مسلم لیگ ن کی پارٹی رہنماؤں سے گفتگو

لاہور :مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی سزاؤں سے بریت دلائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، ن لیگی رہنماء ملک محمد احمد خان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، اس دوران پارٹی امور اور آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابات کی بھرپور تیاریاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی ترقی پر پوری توجہ اور صلاحیتیں مرکوز کریں گے، 16 ماہ میں ہمارے مشکل فیصلوں سے معیشت بہتر ہو رہی ہے، قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی سزاؤں سے بریت دلائیں گے، نواز شریف کو سزائیں سناکر قوم اور ملک کو سزا دی گئی، صرف مقدمات ہی نہیں بلکہ مقدمات بنانے والے بھی جھوٹے نکلے۔

علاوہ ازیں سابق وزیراعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کیلئے سب ملکر نوازشریف کے ہاتھ مضبوط کریں، پاکستان کو معاشی طور پر پیروں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد کرنا ہوگی، تمام بحرانوں کا مقابلہ اتحاد، اتفاق اور سیاسی تعاون کی قوت سے کریں گے، مسلم لیگ ن ایک گھر ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات میں سابق ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، مولانا ایم آصف معاویہ، بابر خان سیال، مسز نیلم سیال، مہر اسلم بھروانہ، شیخ ایم یونس، خالد محمود سرگانہ مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے، چوہدری خالد غنی، امیر عباس سیال، فیصل حیات جبوانہ، شیخ یعقوب، مسز شیخ یعقوب، رئیس محمد ابراہیم بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے جب کہ مزاری قبیلے کی سرکردہ سیاسی شخصیت سردار ریاض خان مزاری اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری نے بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.