آرمی چیف کی امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں

ویب ڈیسک،

ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور کے ساتھ ساتھ جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ امریکہ جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے جاری امریکہ دورے کے دوران اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف کی امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی جے بلنکن، سیکرٹری دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور کے ساتھ ساتھ جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دفاعی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی۔دونوں سائیڈز نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس تناظر میں، آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔ آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ملکی ترقی کے لیے کیے جانے والے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا ۔ آرمی چیف نے SIFC کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہُوئے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ۔آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے ۔ آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیئے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے – بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!