تشکر نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی وزارتوں اور محکموں میں ای آفس سسٹم کے استعمال کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے علاوہ گورننس میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
تشکر نیوز اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کو وزیراعظم نے یہ بات وفاقی وزارتوں اور محکموں کو ای آفس میں منتقل کرنے سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
حماس کے ایک ہی حملے میں 8 اسرائیلی فوجی ہلاک
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ اجلاس میں وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزہ فاطمہ خواجہ، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مشاہدہ کیا کہ اس سسٹم سے قومی خزانے میں اربوں روپے کی بچت ہو سکتی ہے اور کاغذ کے کم استعمال سے ماحولیات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، انہوں نے ای-آفس سسٹم کو آسان بنانے اور سیکیورٹی کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ تعاون کے معاہدے سے متعلق معاملات پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے شرکا کو ای آفس سسٹم پر ہونے والی پیشرفت، اس کے نفاذ اور اصلاحات سے آگاہ کیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ اس نظام کی کامیابی کے جائزے کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی اوور ہالنگ کے علاوہ کارکردگی کے کلیدی اشاریے مرتب کیے جا رہے ہیں۔