تشکر نیوز: کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق، گلشن اقبال بلاک 7 میں دو مسلح ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار شہری کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر، ڈاکوؤں نے 27 سالہ ارتقاء نامی نوجوان پر گولی چلا دی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ ارتقاء کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ڈاکو موقع سے شہری کی رقم، موبائل فون اور 2023 ماڈل کی 150 سی سی موٹرسائیکل لے کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے، جس میں ملزمان کو موٹر سائیکل لے کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مقتول نوجوان مکینیکل انجینئر اور گولڈ میڈلسٹ تھا، اور پورٹ قاسم پر ایک کیمیکل فیکٹری میں اسسٹنٹ منیجر کے طور پر کام کرتا تھا۔ ارتقاء کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، واقعے کے مقام سے نائن ایم ایم گولی کا خول ملا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق، ارتقاء نے واقعے سے قبل بیکری سے سامان خریدا تھا اور کولڈڈرنک لینے واپس آیا تو ڈاکوؤں نے اس کا تعاقب کیا۔ ایک ڈاکو نے موٹرسائیکل سے اتر کر تلاشی لی جبکہ دوسرا اسلحہ تانے بیٹھا رہا۔ مزاحمت پر ڈاکو نے گولی چلا دی۔
پولیس نے ایس ایچ او گلشن اقبال کو ناقص کارکردگی پر معطل کر دیا ہے اور ان کے خلاف محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر تکنیکی ذرائع کی مدد سے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔