تشکر نیوز: ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کی جھنگی چیک پوسٹ پر پنجاب پولیس کے پہلے سے چوکنا جوانوں نے 3 گھنٹے تک لڑتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔ تشکر نیوز کے مطابق ترجمان پولیس نے بتایا کہ حملے میں جھنگی چوکی پر تعینات 7 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے کہا کہ 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر مختلف اطراف سے شدید حملہ کیا، دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈگرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا، دہشتگرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کر کے تعینات اہلکاروں کویر غمال بنانا چاہتے تھے۔
ڈیرہ غازی خان: جھنگی چیک پوسٹ پر کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 7 جوان زخمی
ترجمان پولیس کے مطابق زخمیوں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر عمران، کانسٹیبلز عامر، عاشق زین، رحمت اللہ، ثنااللہ اور ایلیٹ کانسٹیبل طارق شامل ہیں جبکہ شدید زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 14 جنوری کو ضلع تونسہ شریف کی تحصیل وہوا کی جھنگی پولیس چوکی پر دو موٹر سائیکل سواروں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔